کراچی: (دنیا نیوز) گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان ملاقات میں آئی جی کیلئے ایک نام پر اتفاق رائے پایا گیا، تاہم جب نیا نام مانگا گیا تو سندھ حکومت نے اعتراض کیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’ دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی جی کسی ایک مخصوص جماعت کا نمائندہ نہیں ہوتا۔ اس معاملے پر ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کی ضرورت ہے۔ اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے مجھے مشاورتی عمل کا اختیار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کوئی حل نکالنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں تو صرف مشاورتی کردار ادا کر سکتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے کہا آئی جی کے معاملے پر مشاورت نہیں کرونگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حیران ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ نے مشاورتی عمل سے انکار کر دیا۔ کسی کو آئی جی لگانا یا ہٹانا میرا اختیار نہیں ہے۔ میرے پاس فیصلہ کرنے کا حق نہیں، صرف مشاورت ہی کر سکتا ہوں۔ میں بھی سپورٹ کر رہا ہوں، اگر چیف منسٹر آئی جی سے مطمئن نہیں تو تبدیل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ اگر ہم ناموں پر ڈسکس کر لیں تو شاید کوئی مناسب راستہ نکل آئے۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ کا احترام اپنی جگہ لیکن آئی جی کے معاملے پر بات نہیں کرونگا اور کہا کہ یہ ہماری کابینہ کا فیصلہ ہے۔