بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد واپس آنے والے پاکستانی شہری ایئرپورٹ پر پھنس گئے، ٹکٹ کینسل ہونے پر سفارتخانے پر برس پڑے۔
چین میں کرونا وائرس کے بعد مختلف ممالک کے شہریوں کی واپسی جاری ہے، پاکستانی شہری چین کے ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے فون نہ اٹھانے اور مدد نہ کرنے کا شکوہ کرتے رہے۔ لوگوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا پتہ نہیں وطن واپس پہنچ بھی سکیں گے یا نہیں، ٹکٹس کنفرم نہیں ہو رہیں، سفارتخانے سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، خدا کیلئے یہاں سےنکالا جائے۔
چین کے صوبہ ہبئی میں زیر تعلیم طلبہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے چینی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ خبریں بڑھا چڑھا کر بیان کر رہے ہیں جس سے ان کے والدین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاکستانی طلبہ کا کہنا تھا کہ مصیبت کی گھڑی میں چینیوں کے ساتھ ہیں۔