لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن، دنیا میں جہاں بھی اتحادی ہوں، ان میں تحفظات ہوتے ہیں۔ چودھری برادران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، تمام ایشوز کو خوش اسلوبی سے طے کر لیں گے۔
چودھری سرور نے اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی چودھری برادران کیساتھ اتحادی بن کر الیکشن میں حصہ لینا چاہیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی اتحادی بن کر حصہ لیں۔ چودھری شجاعت نے مثبت بات کہی کہ اتحاد ٹوٹنے سے دونوں جماعتوں کو نقصان ہوگا۔ کسی اتحادی جماعت نے نہیں کہا کہ ہم حکومت کو گرانا چاہتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے زندگی کا حصہ ہے۔ جب برطانیہ میں تھا تب سے چودھری برادران سے میرے تعلقات اچھے ہیں۔ پرویز الہیٰ کے بیانات کو باریک بینی سے پڑھا، کسی ایک جگہ انہوں نے میرے بارے میں بات نہیں کی۔ پرویز الہیٰ سپیکر پنجاب ہیں اور عثمان بزدار وزیراعلیٰ ہیں دونوں کو وزیراعظم نے چُنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی اتحادی ہوں ان میں تحفظات ہوتے ہیں۔ جب میں برطانیہ میں لیبر پارٹی میں تھا تو اپنی پارٹی سے 70 فیصد اختلافات ہوتے تھے۔ میڈیا اچھی خبروں کو ترغیب دے۔
پاکستان کی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کون سا ملک آگے بڑھ سکتا ہے جس کا 90 ملین ڈالر سالانہ خسارے میں چلا جائے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کہہ رہا ہے کہ پاکستانی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔