شیخوپورہ: (روزنامہ دنیا) حکومتی پالیسیوں سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بھی مطمئن نہیں،چیئرمین پی اے سی
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی ثابت ہوچکی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی بھی مطمئن نہیں ہیں ،ناکام خارجہ پالیسی کے باعث مسئلہ کشمیر پر حکومت عالم اسلام اورعالمی برادری کو اکٹھا نہیں کر سکی، مقبوضہ کشمیر میں کر فیو کے بعد حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ پارلیمانی وفود بنا کر پوری دنیا کو بھارتی ظلم وستم سے آگاہ کرتی مگر چند ممالک کو ٹیلیفونک ڈپلومیسی کرکے خانہ پوری کی گئی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل سلطان سرور کے بھائی کے قتل پر اظہار افسوس اور محمد الیاس کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت سے تینوں صوبائی حکومتوں میں ان کے اتحادی ناراض ہو چکے ہیں،چار ماہ میں تبدیلی کا بوریا بستر گول ہو جائے گا،حکومت کا کوئی ایجنڈا نہیں وہ صرف آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر چل رہی ہے جس سے ملک میں مہنگائی بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔