لاہور: ( اخلاق باجوہ سے) پارلیمانی نظام کو بچانے کیلئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا بڑا اقدام، سپیکر نے حمزہ شہباز کو پی اے سی ون کا چیئرمین بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے ن لیگی وفد کو اگلے ہفتے اسمبلی بلا لیا، معاملہ حل ہونے کی صورت میں ن لیگ سٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفے واپس لے لے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین حمزہ شہباز کو بنوانے کے معاملے میں مسلم لیگ ن اور ق لیگ میں برف پگھلنا شروع ہوگئی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ معاملہ حل ہوتے ہی ن لیگی اراکین قائمہ کمیٹیوں سے اپنے استعفے واپس لے لیں گے۔
اس حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی تو معاملات کے حل کیلئے راضی ہیں مگر پس پردہ پی ٹی آئی حمزہ کو چیئرمین بنانے پر راضی نہیں حالانکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی چیئرمین شپ ہمارا حق تھا کیونکہ اسمبلی کی روایت ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کا چیئرمین اپوزیشن لیڈر ہوتا ہے۔