لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 جنوری تک توسیع کر دی۔ وکلا کی ہڑتال اور سیکیورٹی کے باعث حمزہ شہباز کو عدالت پیش نہ کیا جاسکا۔
حمزہ شہباز اور یوسف عباس کیخلاف احتساب عدالت نے سماعت شروع کی تو عدالت نے دونوں کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ حمزہ شہباز اور یوسف عباس کو عدالت میں کیوں پیش نییں کیا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے جوڈیشل ریمانڈ ہونے پر انہیں پیش نہیں کیا گیا۔
احتساب عدالت کے جج نے باور کرایا کہ کہ وکلا کی ہڑتال ہے تو کیا کسی نے ملزموں کو پیش کرنے سے روکا ہے۔ عدالت نے حمزہ شہباز اور یوسف عباس کو پیش نہ کرنے کا اقدام قانون کے منافی قرار دیا اور متعلقہ حکام کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ حمزہ شہباز اور یوسف عباس کو 3 جنوری کو پیش کیا جائے۔