لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تاہم سکیورٹی ایشوز اور ہڑتال کے باعث حمزہ شہباز کو جیل سے عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ جیل حکام نے حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے سے متعلق ایڈمن جج کو آگاہ کیا۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت بھی 23 دسمبر تک ملتوی کر دی، سیکیورٹی کے پیش نظر احد چیمہ، فواد حسن فواد سمیت دیگر ملزموں کو آج پیش نہیں کیا گیا جبکہ شہباز شریف بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے آشیانہ ریفرنس پر سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔