لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کا احتجاج رنگ لے آیا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے۔ دونوں رہنما اٹھارہ نومبر سے شروع ہونے والے اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔
سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ن کے رکن خواجہ سلمان رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے۔
حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پنجاب اسمبلی کے اٹھارہ نومبر کو طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آرڈر جاری کئے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے گزشتہ اجلاسوں میں پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر دو روز قبل احتجاجاً قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استتعفے دے دیے تھے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے کے بعد بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے پہلے ہی اجلاس کے لئے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔