لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے چئیرمین استحقاق کمیٹی کو احتجاجی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ استحقاق کمیٹی کے معزز رکن خواجہ سلمان رفیق نیب کی حراست میں ہیں۔ استحقاق کمیٹی کا اجلاس جاری ہے مگر خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر جاری نہیں کیے جا رہے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ پہلے استحقاق کمیٹی تمام اجلاسوں میں عبدالعلیم خان اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے۔ پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد دونوں ارکان استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کے اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر جاری نہیں کیے گٗے جبکہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو بھی اسمبلی اجلاس کےموقع پر پروڈکشن آرڈر کے ذریعے نہیں بلایا جاتا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سپیکر پنجاب اسمبلی، حکومت پنجاب اور چئیرمن استحقاق کمیٹی سے شدید احتجاج کرتی ہے۔ گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کے ذریعے کمیٹی یا اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔