لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جنوری تک توسیع کر دی جبکہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت ہوئی، جیل حکام نے حمزہ شہباز کو جج امجد نذیر کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت وکیل امجد پرویز نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواستوں پر دلائل دئیے اور کہا شہباز شریف اپنے بھائی کے علاج کے لیے بیرون ملک گئے ہیں، ان کا اپنا علاج بھی جاری ہے، ڈاکٹرز نے چیک اپ کے لئے انہیں 9 اور 15 جنوری کا وقت دیا ہے، عدالت شہباز شریف کو مستقل طور پر حاضری سے استثنیٰ کا حکم دے۔
نیب نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کے وکیل کو خود علم نہیں ہے کہ ان کے موکل کب واپس آئیں گے، شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے ہیں، عدالت مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کرے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔
عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی جبکہ شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ 17جنوری کو سنایا جائے گا۔