لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک کی باتیں بچپن سے سن رہا ہوں، اب تو میرے بال بھی سفید ہو چکے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں (ن) لیگ میں فارورڈ بلاک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ متحد ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی اور موجودہ سیاسی کشمکش مکافات عمل ہے اس پر کوئی بات نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مہنگائی عروج پر ہے۔ آٹے، دال اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ آٹا بحران کے بعد چینی کا بحران بھی سر پر ہے۔ کنٹینر پر لگائے گئے بلند وبانگ دعوے عوام تلاش کر رہے ہیں جو ڈھونڈنے سے بھی نہیں مل رہے۔ 16 ماہ صرف حکومتی بیان بازی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب آدمی روٹی کو ترس رہا ہے۔ غریب کے پاس ماں باپ کیلئے دوائی کے پیسے نہیں ہیں۔ نئے پاکستان کے نعرے پر لوگ ماتم کر رہے ہیں اور پرانے پاکستان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ اللہ غریب عوام پر رحم کرے۔ موجودہ حکومت نے نااہلی اور نالائقی کی مثالیں قائم کی ہیں۔