آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف میں کمی کی بھیک معاشی تباہی کا اعلان ہے: شہباز شریف

Last Updated On 07 February,2020 02:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے معیشت کی تباہی پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ نالائق حکومت کی آئی ایم ایف سے 800 ارب ٹیکس وصولی ہدف میں کمی کی بھیک معاشی تباہی کا اعلان ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 9.5 فیصد کا متوقع خسارہ قوم اور ملک کے لئے بربادی کا سامان اور بری خبر ہے، کرپٹ اور نالائق ٹولے کا کیا دھرا ہے کہ ملک و قوم اس بدقسمت صورتحال سے دوچار ہے، معاشی خسارہ چیخ چیخ کر خبردار کر رہا ہے کہ اندرونی و بیرونی قرض اور مہنگائی کا خوفناک طوفان آرہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا بے حسی وسفاکی ہے کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور انکم سپورٹ پر کلہاڑا چلا دیا، معاشی سرگرمیوں کے جمود نے لاکھوں چولہے بند اور عوام کو غربت کے جہنم میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا آٹے اور گندم کا بحران نیچے سے نہیں اوپر سے پیدا کیا گیا، حواری غریبوں کی جیب صاف کرچکے ہیں، 11000 ارب قرض صرف 18 ماہ میں لے کر ریکارڈ قائم کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مزید کہا کہ 70 سال میں جو قرض مجموعی طورپر لیا گیا تھا، نالائق ٹولے نے اس کا 30 فیصد سے بھی زیادہ صرف 18 ماہ میں لے لیا، حکمرانوں کے ظلم کا خراج قوم کو سود سمیت ادا کرنے پڑے گا، قوم کا معاشی مستقبل گروی رکھ دیا گیا۔
 

Advertisement