اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے چینی کی برآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کامرس ڈویژن کی سمری کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق پابندی سے ساڑھے 3 لاکھ ٹن چینی کی برآمد روک لی جائے گی۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں خطے کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط کرنے کے لیے پاکستان سے آئی ٹی سافٹ وئیرز کی ایکسپورٹس بڑھانے کےلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک بڑھانے کے لئے اہم فیصلے کیے گئے، چھوٹے سافٹ وئیر ایکسپورٹرز کے لئے ریلیف پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت اسلام آباد میں 40 ایکٹر پر مشتمل سافٹ ویئر سٹی بنایا جائیگا، لوکل سافٹ وئیر کمپنیوں کو سافٹ وئیر سٹی میں سہولتیں ملیں گی۔
پاکستانی ادارے لوکل کمپنیوں سے سافٹ وئیر خریدیں گے، صوبائی اور وفاق کی جانب سے عائد ڈبل ٹیکس ختم کر دیا جائے گا اور ایکسپورٹرز کو ڈالر کا ایکسچینچ ریٹ مارکیٹ سے بہتر دیا جائے گا، ایکسپورٹرز رسیو ایبل رقم کے مساوی لون حاصل کر سکیں گے، اس کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد کی تمام یونیورسٹیز کو انٹرکنیکٹ کر کے ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔