اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے سرعام پھانسی کی قرارداد کی مخالفت کر دی۔ انہوں نے قرار داد منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جرم کا جواب بربریت سے نہیں دینا چاہیے۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہذب معاشروں کا ردعمل متوازن ہوتا ہے، یہ بھی شدت پسندی کی ایک علامت ہے، اس طرح کی سزائیں قبائلی معاشروں میں ہوتی ہیں جہاں انسان اور جانور برابر ہیں، مہذب معاشرے مجرموں کو سزا سے پہلے جرم روکنے کی تدبیر کرتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا اس طرح کی سزاؤں سے معاشرے بے حس ہو جاتے ہیں اور سزا اپنا اثر کھو دیتی ہے، ایسی سزاؤں سے جرم نہیں رکتے لیکن معاشروں میں شدت پسندی بڑھتی ہے۔
خیال رہے قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سب کے سامنے پھانسی دینے کی قرار داد منظور کی گئی، پیپلزپارٹی نے قرار داد کی مخالفت کی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سزائیں بڑھانے سے جرائم کم نہیں ہوتے، اقوامِ متحدہ کے قوانین کے مطابق سرعام پھانسی نہیں دی جاسکتی، پاکستان اقوام متحدہ کا سگنیٹری ہے، ایک اور کیس میں بھی سرعام پھانسی کا فیصلہ آیا تھا اس کا کیا ہوا۔