وزیراعظم کا کہنا کہ بغاوت کا مقدمہ ہونا چاہیے بالکل درست ردعمل ہے: فواد چودھری

Last Updated On 14 February,2020 11:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کہنا کہ بغاوت کا مقدمہ ہونا چاہیے بالکل درست ردعمل ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری اپنے ایک اہم بیان میں فواد چودھری نے لکھا کہ مولانا فضل الرحمن نے خود اعتراف کیا کہ حکومت کو گرانے کی سازش کی۔

فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے غیر مرئی قوتوں کا کندھا استعمال کیا۔ جے یو آئی کا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے فنڈنگ کا جھگڑا ہے، ورنہ سب ایک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کے بیان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیئے: وزیراعظم عمران خان

خیال رہے کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلنا چاہیے۔ آزادی مارچ کے ذریعے حکومت گرانے کی سازش کی گئی، فوج سے وہی ڈرتے ہیں جو کرپشن کرتے ہیں، میں کرپٹ ہوں نہ کسی کا ڈر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا آٹا بحران کی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں، ملک میں ہر جگہ مافیا ہے، جو قیمتیں مرضی سے کنٹرول کرتا ہے، مسابقتی کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا، بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھا سکتے، بجلی کی قیمت پر آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا الیکشن اصلاحات کے لیے قوانین لا رہے ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ اور بائیو میٹرک سسٹم لازمی قرار دیں گے، سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے نہیں ہوں گے، شو آف ہینڈز سے سینیٹ الیکشن کا قانون لائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا میڈیا کے ساتھ 40 سال کا تعلق ہے، مشرف کو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ٹی وی چینلز کھولیں، ٹی وی چینلز سے سب سے زیادہ فائدہ میں نے اٹھایا، ڈیڑھ سال سے مجھ پر ذاتی حملے کیے گئے، کس جمہوری ملک میں وزیراعظم کو اس طرح نشانہ بنایا جاتا ہے، اپنا سارا خرچ خود برداشت کرتا ہوں، ملک نیچے جائے گا تو آنے والی نسلوں کو نقصان ہوگا۔

Advertisement