اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھی کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
وزیراعظم عمران خان سے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹی پارلیمانی کشمیر گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت رکن برطانوی پارلیمنٹ مس ڈیبی ابراہیم نے کی۔ اس ملاقات میں وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، سیکرٹری خارجہ اور اعلیٰ حکام شریک تھے۔
وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے گروپ کی گزشتہ رپورٹس کو سراہا اور پانچ اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بھارت کے انتہا پسند اقدام کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں۔ گزشتہ 6 ماہ سے 80 لاکھ کشمیری محصور ہیں۔ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی کی حکومت اقلیتوں کے لیے بھارتی سرزمین تنگ کر رہی ہے۔
عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ خطے کے دیرپا امن کے لیے مقبوضہ کشمیر کا پرامن منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ بھارت دنیا کی مقبوضہ کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے دوبارہ کوئی جھوٹا آپریشن کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مجرمانہ اقدامات سے آگاہی عالمی برادری کا فرض ہے۔ عالمی برادری یو این قراردادوں کے مطابق کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادایت کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گا۔