ماحولیاتی تحفظ کانفرنس: اداکار آرنلڈ شوازینگر کی وزیراعظم عمران خان کو دعوت

Last Updated On 20 February,2020 10:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہالی ووڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازینگر نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ کر انہیں ماحولیاتی تحفظ کے لیے آسٹریا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ماحولیاتی تحفظ کے لئے کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیے جانے لگا، ہالی ووڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازینگر نے وزیراعظم عمران کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے عمران خان کو آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

ہالی ووڈ اداکار کے خط میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا مسائل سے بچنے کے لیے وزیراعظم کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر سے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام بلند کرنے والے رہنماوں کو سمٹ میں دعوت دی جا رہی ہے، آپ ماحولیاتی تحفظ میں ہمارے مضبوط پارٹنر بن چکے ہیں۔

آرنلڈ شیوازینگر نے خط میں مزید لکھا کہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق دنیا کو آگاہی کے لئے آپ کی شرکت ضروری ہے۔ آسٹریا کے صدر سمیت ہیڈ آف اسٹیٹ سے ملاقاتوں کا اہتمام ہو گا۔

وزیراعظم عالمی رہنماؤں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کی ترغیب دیں گے، آرنلڈ شوازینگر ماحولیاتی تحفظ کے لیے متعدد مہمات کا حصہ رہے ہیں۔