نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا معاملہ، خصوصی کمیٹی نے لیگی نمائندوں کو چوبیس گھنٹے کا وقت دیدیا

Last Updated On 20 February,2020 06:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر قائم حکومت پنجاب کی خصوصی کمیٹی نے نواز لیگ کے نمائندوں کو چوبیس گھنٹے کا مزید وقت ددیتے ہوئے جمعہ کے روز طلب کر لیا ہے۔

راجہ بشارت کہتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے وقت دیا۔ لیگی نمائندے نہ آئے تو پھر کمیٹی اپنی سفارشات دیدے گی۔ ادھر مسلم لیگ (ن) نے خط لکھ ڈاکٹر عدنان کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون اور کمیٹی کے سربراہ راجہ بشارت کے زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں نواز شریف یا ان کے نمائندوں کو پیش ہو کر ان کی صحت اور میڈیکل رپورٹس کے بارے میں بریف کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ اس ضمن میں خواجہ حارث اورعطا اللہ تارڑ کو اجلاس میں طلب کیا گیا تھا، مگر انہوں نے آنے سے معذرت کرلی۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ حکومتی اجلاس میں بہت کم وقت کے نوٹس پر بلایا گیا، اس لئے اس میں شریک ہونا ممکن نہیں، پہلے اطلاع کرکے کسی اور روز کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے لندن سے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کا بھی اہتمام کیا جائے۔

دوسری جانب کمیٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ نواز شریف کے نمائندوں کو مزید چوبیس گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد کمیٹی کے سربراہ راجہ بشارت نے بتایا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگی نمائندے جمعہ کے روز پیش ہو کر نواز شریف کی صحت بارے بریف کریں تا کہ ان کی رپورٹس کا جائزہ لیکر میڈیکل بورڈ کوئی فیصلہ کر سکے اور اپنی سفارشات حکومت پنجاب کو دے سکے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ اگر نواز شریف کے نمائندے جمعہ کے روز طلب کردہ اجلاس میں نہ آئے تو پھر حکومتی کمیٹی اپنی سفارشات دے دی گی، جس کی بیناد پر نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔