ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارتھی میں شہید لانس نائیک عبداللہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے شہید کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید لانس نائیک عبداللہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی جبکہ ان کے خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہید لانس نائیک عبداللہ کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مادر وطن کےلئے اپنے خون کا نذرانہ دیا۔ شہید عبداللہ نے اپنی جان وطن عزیز کے لئے قربان کرکے جرات اور بہادری کی شاندار مثال قائم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ پوری قوم شہید عبداللہ اور دیگر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کے باعث ہم پرامن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قوم کو بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔ شہید لانس نائیک عبداللہ جیسے وطن کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ قوم شہید لانس نائیک عبداللہ اور دیگر شہداء کی عظیم اور لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گی۔
واضح رہے کہ لانس نائیک عبداللہ تربت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔