معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی کو پہنچانے کی بھرپور کوشش ہے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 28 February,2020 07:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نوز) وزیرِاعظم عمران خان نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی کو میسر آئیں۔ ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو معاشی اعشاریوں بشمول کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ، بیرون ملک سے ترسیلات زر اور مہنگائی کی شرح کی موجودہ صورتحال پربریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی بڑے بجلی چوروں اور منافع خوروں پر پکڑ سخت کرنے کی ہدایت

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ہفتہ وارایس پی آئی میں بھی کمی کا رجحان سامنے آیا ہے اوراس میں مزید کمی کی توقع ہے۔ وزیرِاعظم نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی کو میسر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام اور خصوصاً کم آمدنی والے، تنخواہ دار اور کمزور طبقے کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معیشت کے استحکام اور معاشی اعشاریوں میں بہتری سے متعلق عوام کو آگاہ رکھا جائے تا کہ کاروباری برادری کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔
 

Advertisement