لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ جب بھی آتے ہیں، ملک کے اثاثے بیچنا شروع کر دیتے ہیں۔ اداروں میں مزدوروں کا خون پسینہ شامل ہے، ہم بیچنے نہیں دیں گے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے ہیں معیشت صیح سمت پر چل رہی ہے، موڈیز اور عالمی ادارے معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھ کر مزدوروں کے معاشی حقوق کی سودے بازی کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے، کسی کٹھ پتلی کو نجکاری نہیں کرنے دے گی۔ اگر مشرف ادارے نہیں بیچ سکے تو کٹھ پتلی کو بھی بیچنے نہیں دیں گے۔ ہم مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مزدوروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ ریاست مزدوروں اور ہر طبقے کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ ایک ہی راستہ عوام اور مزدور دوست حکومت بنانی ہوگی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو مزدوروں کو حق واپس دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں جب حق چھینا گیا تو آصف زرداری نے اسے واپس دلوایا تھا۔ پیپلز پارٹی نے پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔ ہمیں اب بھی مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ ہمیں ایک نئی لیبر پالیسی لانا پڑے گی۔