ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایک بہت بڑے مافیاکا مقابلہ کررہے ہیں، حکومت گرانے کی باتیں کرنے والے احتساب سے بچنے کیلئے شور مچا رہے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی حکومت گرانے، مڈٹرم الیکشن اور اِن ہاﺅس تبدیلی کی خواہش دل میں ہی رہے گی۔ یہ ان لوگوں کی خواہش ہے جو اقتدار سے باہر اور عوام نے انہیں سابقہ انتخابات میں بری طرح مسترد کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 2018ء کے انتخابات میں ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے، عوامی مینڈیٹ کے مطابق آئینی مدت پوری کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ایک بہت بڑے مافیاکا مقابلہ کررہے ہیں، حکومت گرانے کی باتیں کرنے والے احتساب سے بچنے کیلئے شور مچا رہے ہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔ ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، قوم کو جلد اچھی خبریں دیں گے۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ذریعے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کیلئے تمام سازشیں ناکام ہو گئیں۔
افغانستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، کسی کو توقع نہیں تھی کہ افغان طالبان اور امریکا ایک میز پر بیٹھیں گے، افغانستان کی تعمیر نو میں پاکستان کو کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے حلقہ 156 میں موٹر سائیکل پر سفر کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔