اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت فضل الرحمان، خواجہ آصف پر غداری کا مقدمہ چلانا چاہتی ہے، کیا حکومت سیاسی قیادت کو غداری کی مد میں انتقام کا نشانہ بنائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کس بہانے پر زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خواجہ آصف کے خلاف غداری کے مقدمے بنائے جا رہے ہیں، حکومت اس بات کی وضاحت کرے، یہ چھوٹا پن ہوگا کہ اپنے سیاسی مخالفین کیخلاف اب غداری کے مقدمے بنائے جائیں۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا وزیراعظم عمران خان خود کیا کرتے رہے ہیں اور اب کیسے بیانات دے رہے ہیں، عمران خان نے 126 دن کا دھرنا دیا، مولانا فضل الرحمان نے 10، 12 دن کا دھرنا دیا، مولانا فضل الرحمان کا دھرنا پرامن تھا، عمران خان اس ریاست کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، یہ حکومت آوازیں بند کرے گی تو پتا نہیں کیا کیا ہوگا۔
جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے سینیٹ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہا ہے کہ فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے، گرفتا کرنا چاہیے، عمران خان ایک مرتبہ فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کا تجربہ کر کے تو دیکھیں۔