اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ معاہدہ ختم کرنے اور دوبارہ بات چیت کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کو ریلیف کا انتظار تھا لیکن حکمرانوں نے الٹا وار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران حکومت چلا سکتے ہیں نہ ہی معیشت، تنقید برداشت نہیں ہوتی تو ذاتیات پر اتر آتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت حقائق پر بات نہیں کرتی تو غریب عوام کو کون جواب دے گا؟ عوام کے جمہوری حقوق پر حملے نہیں مانتے
بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے غریب عوام کے حقوق پر سودے بازی کی، حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم کرے۔ اس معاہدے میں عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی عزت کرتے ہیں لیکن وہ الیکٹڈ نہیں ہیں۔ انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام خوش نہیں ہیں۔