آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پر نظر ثانی کی جائے: بلاول زرداری

Last Updated On 10 February,2020 08:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو معاشی صورتحال اور مہنگائی پر مکمل طور پر بات کرنا چاہئے۔ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پر نظر ثانی کی جائے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج پھر پارلیمان کا غلط استعمال کیا گیا، پی ایم ڈی سی کے بل پر اپوزیشن کو بات نہیں کرنے دی جا رہی، حکومت نے صدر ہاؤس کے ذریعے قانون سازی کرنا ہے تو پارلیمان کو بند کردیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا عہدہ صیحح طریقے سے استعمال ہونا چاہئے، حکومت زبردستی پی ایم ڈی سی کا بل پاس کروانا چاہتی ہے، بل پر تحفظات ہیں، پی ایم ڈی سی بل پر قومی اسمبلی میں سخت موقف اختیار کیا گیا۔نیشل ایشو اور مہنگائی پر قومی اسمبلی میں بحث کروانا ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو معاشی صورتحال اور مہنگائی پر مکمل طور پر بات کرنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کلیم امام کے معاملے پر وفاق جان بوجھ کر غلط طریقہ کار استعمال کر رہا ہے، سندھ میں امن و امان کی صورتحال آئی جی کے عہدے کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے، امید ہے وزیر اعظم عمران خان آئی جی سندھ کا معاملہ رواں ہفتے حل کرلیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا مزید کہنا تھا کہ یہ بجٹ پی ٹی آئی ایم ایف کا تھا، حکومت نے اپنے بڑے ادارے آئی ایم ایف کے حوالے کردیئے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کے بارے میں سوچیں، عوام مہنگائی بیروزگاری کی وجہ سے پس کر رہ گئے ہیں۔
 

Advertisement