اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ خود کشی نہیں، وزیراعظم عمران خان مان لیں کہ وہ نااہل ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دے یا گھر جائے، معاشی قتل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں ان کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی بڑھی؟ یہ پارلیمنٹ بے اختیار ہے، ایوان میں مہنگائی پر بحث ہو رہی ہے لیکن مشیر خزانہ ہی موجود نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حکومت بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ فنڈ کو سبوتاژ کر رہی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کا سب سے کامیاب پروگرام ہے لیکن پاکستان کی غریب عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ بیںظیر کی ساری کی ساری سیاست عوام کے لئے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ لوگ ٹیکس اس لیے نہیں دیتے کیونکہ وزیراعظم ایماندار نہیں، اب حکومت کا اپنا ادارہ کہہ رہا ہے کہ 7 مہینوں میں 700 ارب کا ٹیکس شارٹ فال ہے۔ کیا اب وزیراعظم ایماندار نہیں یا نااہل؟ اس لیے ٹیکس وصول نہیں ہو رہا؟ وزیراعظم بتائیں ان کی کونسی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کہہ رہا ہے ایسی مہنگائی تو گزشتہ 10 سال میں کبھی نہیں ہوئی۔ کھانے پینے کی اشیا کی مہنگائی 78 فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔ ہم سب نے اپنے حلقوں میں جانا ہے، عوام کو کیا جواب دینگے۔ عوامی نمائندے اس معاشی قتل میں خاموش نہیں رہ سکتے۔ جو لوگ منتخب ہو کر نہیں آئے صرف وہی کہہ سکتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی نہیں اور معیشت ترقی کر رہی ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ قرضہ نہیں لونگا، اب ان کا اپنا سٹیٹ بینک کہتا ہے کہ انہوں نے 11 ہزار ارب کا قرضہ لیا۔