قانون سے کوئی مبرا نہیں، بلاول بھٹو کا واویلا غیر ضروری ہے: شہزاد اکبر

Last Updated On 13 February,2020 07:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نیب نے بلاول بھٹو کو مختلف کیسز کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا۔ ان کا واویلا غیر ضروری، قانون سے کوئی مبرا نہیں ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ بلاول نے نیب سے جھوٹ بولا کہ وہ اس وقت بیرون ملک تھے۔ تحقیقات کے بعد ان کے اس بورڈ میٹنگ میں ہونے کے شواہد ملے، ان کے بورڈ میٹنگ پر دستخط موجود ہیں۔

نیب پہلے سوالنامہ رکھتا ہے، آپ اس کے جوابات دیتے ہیں، اس کے بعد نیب ان جوابات پر تحقیقات کرتا ہے۔ سوالنامے کے جوابات کی تحقیقات کے بعد نیب دوبارہ ملزم کو بلاتا ہے۔

پہلے جب نیب نے بلاول کو بلایا تو ان کے سامنے سوالنامہ رکھا۔ بلاول کو نیب نے جے وی اوپل کیس میں بلایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتاری غیر قانونی ہوگی، پکڑا گیا تو آصفہ بھٹو آواز بنیں گی: بلاول بھٹو

خیال رہے کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹور زرداری آج نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ انھیں 32 سوالات پر مشتمل ایک اور سوالنامہ بھی تھما دیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو بیان ریکارڈ کرایا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے بلاول بھٹو سے زرداری گروپ آف کمپنیز سے متعلق سوالات کئے۔ بلاول بھٹو سے پوچھا گیا کہ کیا آپ زرداری گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر ہیں؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو جوائنٹ وینچر اپل سے متعلق نیب کو مطمئن نہ کر سکے اور نیب کی جانب سے طلب کی گئی بعض دستاویز بھی فراہم نہ کیں۔ پیشی کے موقع پر بلاول بھٹو بیشتر سوالوں کے تحریری جواب دینے پر اصرار کرتے رہے جس پر نیب نے سوالنامہ دیتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مارچ کے اعلان پر ایک اور نوٹس آ جاتا ہے، حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، ماضی میں بھی سوالوں کا 3 بار جواب دے چکا ہوں، اعتراضات کے باوجود آج پیش ہوا، سابق چیف جسٹس نے ایک سال پہلے مجھے بے گناہ قرار دیا تھا، کسی تجارتی سرگرمی میں ملوث نہیں تھا، 2 پرائیویٹ کمپنیوں میں لین دین ہوا، نیب کا کیا تعلق ہے ؟ اس وقت میں کوئی پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں تھا، جب کمپنی کا شیئر ہولڈر بنا تو میری عمر 7 سال تھی، سوچا تھا نیب 7 سال کے بچے پر کیس نہیں بنائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پی ٹی آئی، آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے، وزیراعظم کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا، دباؤ کے باعث پیپلزپارٹی کا کوئی کارکن پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں موجود نہیں ہوتے، امید ہے اپوزیشن لیڈر جلد آکر اسمبلی میں کردار ادا کریں گے۔
 

Advertisement