راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گرفتاری غیر قانونی ہوگی، پکڑا گیا تو آصفہ بھٹو آواز بنیں گی، مارچ کے اعلان پر ایک اور نوٹس آ جاتا ہے، حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، ماضی میں بھی سوالوں کا 3 بار جواب دے چکا ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اعتراضات کے باوجود آج پیش ہوا، سابق چیف جسٹس نے ایک سال پہلے مجھے بے گناہ قرار دیا تھا، کسی تجارتی سرگرمی میں ملوث نہیں تھا، 2 پرائیویٹ کمپنیوں میں لین دین ہوا، نیب کا کیا تعلق ہے ؟ اس وقت میں کوئی پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں تھا، جب کمپنی کا شیئر ہولڈر بنا تو میری عمر 7 سال تھی، سوچا تھا نیب 7 سال کے بچے پر کیس نہیں بنائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پی ٹی آئی، آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے، وزیراعظم کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا، دباؤ کے باعث پیپلزپارٹی کا کوئی کارکن پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں موجود نہیں ہوتے، امید ہے اپوزیشن لیڈر جلد آکر اسمبلی میں کردار ادا کریں گے۔