کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں، وہ ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قاتلوں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے، غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہل خانہ کے ساتھ ہوں۔
مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے ایم پی اے کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری کے بعد ملزمان کیخلاف ایکشن ہو گا، اس قتل میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے ایم پی اے شہناز انصاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قتل پر صدمہ ہوا، شہناز انصاری مخلص جیالی اور دلیر خاتون تھیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سندھ حکومت قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے گی۔