پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں جاری موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں بارشوں سے ندی لالوں میں طغیانی آ گئی، میرپور میں وین نالے میں بہہ گئی، ڈرئیور کو بچالیا گیا، شانگلہ، مری، گلیات اور ایوبیہ میں کئی فٹ برفباری سے سڑکیں بند ہو گئیں۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے تباہی، چھتیں گرنے سے کئی جانیں چلی گئیں، صوابی میں بارش سے چھت زمین بوس ہوئی، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ہنگو میں بارش سے مکان کی خستہ حال چھت گر گئی، حادثے میں با پ بیٹی جاں بحق ہوگئے۔ ضلع خیبر میں موسلا دھار بارش سے چھت گر گئی، ملے تلے دب کر دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
آزاد کشمیر میں بارشوں سے ندی لالے بپھر گئے، میرپور آزاد کشمیر میں مسافر وین برساتی نالے میں بہہ گئی، مقامی افراد نے وین کے ڈرئیور کو بچالیا۔
مری گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی میں پانچویں روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بالائی علاقوں میں ڈھائی فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔
مری، ایبٹ آباد مرکزی شاہراہ سمیت رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مکین گھروں تک محصور ہیں۔ خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری ہے۔ ریکارڈ برفباری کے باعث مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں، محکمہ موسمیات نے برف باری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔