پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے رہائشی اور ایران سے آنے والے باشندوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا، 34 رہائشیوں کو بلوچستان قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جو 10 مارچ کو بلوچستان سے خیبرپختونخوا آئیں گے۔
خیبر پختونخوا محکمہ صحت کے مطابق مسافروں کا تعلق صوبہ کے مختلف اضلاع سے ہے، جنہیں حفاظتی اقدام کے طور پر مزید کچھ دن قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکام کے مطابق تمام مسافرصحت مند اور وائرس کی کوئی علامات نہیں، فیصلہ وزیرصحت، چیف سیکرٹری و سیکرٹری صحت کا اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق وفاقی اور بلوچستان حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔