حیدر آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف حکومت کے ضامن ہیں، حکومت انھیں واپس نہیں لا سکتی۔
آصف زراری اور فریال تالپور ملک سے باہر نہیں گئے، ملک میں ہی ہیں۔ زرداری شدید بیمار ہیں لیکن انہوں نے باہر جانے کی اجازت نہیں مانگی۔ شریف خاندان پر تاریخی طور پر عدلیہ کا انسٹی ٹیوشنل رویہ رہا ہے۔ جب 1993ء میں اسمبلی تحلیل ہوئی تو تین ہفتہ میں بحال کر دی گئی تھی۔
اعتزاز احسن نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ضمانت دی ہے کہ وہ اپنا ووٹ عمران خان کے خلاف نہیں ڈالے گی۔ شریف خاندان کے لوگ باہر رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی ضمانت نواز شریف نے دی۔ وہ دونوں بھائی بھی باہر ہیں اور پیسے بھی بچا گئے۔ دونوں بھائیوں کی طبعیت بھی ٹھیک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی نواز شریف ہیں جو یہاں مرے جا رہے تھے لیکن وہاں ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ حکومت اب نواز شریف کو نہیں لا سکتی۔