لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس زور پکڑنے لگا ہے۔ سندھ میں مزید نو افراد شکار، صوبے میں مریضوں کی تعداد 181 ہوگئی۔ پنجاب تینتیس، خیبر پختونخوا انیس، بلوچستان سولہ، اسلام آباد میں 4 کیسز رپورٹ، گلگت بلتستان میں تین مریض، ملک بھر میں تعداد 256 ہوگئی۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 181 مریض ہیں، 2 صحت یاب ہوئے ہیں، 9 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، کرونا سے نمٹنے کیلئے 3 ارب کا فنڈ قائم کر رہے ہیں، کرونا کیلئے قائم کیا گیا 3 ارب کا فنڈ کل سے قابل عمل ہو گا، عملدرآمد کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی سربراہی چیف سیکرٹری سندھ کریں گے۔
مرتضی وہاب کا کہنا تھا ابھی تک صوبے میں 844 ٹیسٹ کئے گئے جو 3 ہسپتالوں میں کیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت نے 10 ہزار ٹیسٹ کٹس کو درآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے 290 زائرین کے ٹیسٹ کا رزلٹ آ چکا ہے، 147 کا ٹیسٹ منفی، 143 کا مثبت آیا، یہ وہ لوگ ہیں جو تفتان بارڈر سے سکھر منتقل کئے گئے تھے، 9 مزید زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 181 ہوگئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا ریسٹورنٹس، دکانوں کی بندش کے حوالے سے مشکل فیصلہ کیا، میڈیکل، روزمرہ اشیا والی دکانوں پر اطلاق نہیں ہوگا، احکامات پر 100 فیصد عملدرآمد نہیں ہوا، آج بھی کچھ دکانیں، ریسٹورنٹس دیکھے جو خلاف ورزی کر رہے ہیں، پولیس کو کہا ہے سخت اقدامات اٹھانے پڑے تو اٹھائیں۔ انہوں نے کہا لوگوں کو سمجھایا اقدامات سب کی بھلائی کیلئے ہیں، بہت سے لوگوں نے مدد کیلئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا، کرونا کا علاج دنیا میں نہیں، احتیاط کی جا سکتی ہے، فیصلہ کر لیں 14 روز کیلئے خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے۔
سندھ بھر میں صوبائی حکومت کے احکامات پر کراچی سمیت صوبے بھر میں مرکزی بازار بند ہیں، کراچی میں بیشتر کھلنے والی مارکیٹس کو پولیس نے بند کروا دیا۔ شاپنگ سینٹرز اور مالز بھی بند ہیں، صدر موبائل مارکیٹ، پلازہ ٹائر مارکیٹ، اکبر مارکیٹ اور بولٹن مارکیٹ میں کھلنے والی دکانوں کو پولیس نے بند کرا دیا تاہم کچھ مارکیٹس کھلی ہیں۔ شہر میں کریانہ سٹورز، مرغی مچھلی کی دکانیں، بیکری کھلے ہیں جبکہ ریسٹورنٹ سے شہری کھانہ ساتھ لے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باعث اومان، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا نے پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔ پاکستانی نژاد کینیڈین، امریکی شہری اور سفارتی عملہ ہی پاکستان سے کینیڈا کا سفر کر سکے گا۔ کینیڈا، اومان، اور ملائیشیا نے سیاحتی، کاروباری ویزہ رکھنے والے پاکستانی شہریوں پر سفری پابندی عائد کر دی ہیں۔ متحدہ عرب امارت نے بھی پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے پیپر ویزہ رکھنے والے شہریوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا ہے۔