اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام امتحانات یکم جون تک ملتوی کر دیئے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یکم جون تک پاکستان میں کسی بھی قسم کے امتحانات نہیں ہونگے، کیمبرج کا بھی کوئی امتحان نہیں ہوگا، لندن یونیورسٹی یا دیگر کسی بھی قسم کا امتحان یکم جون تک نہیں ہوگا، بورڈز کے امتحانات یکم جون سے 15 جولائی کے درمیان ہوسکتے ہیں، امتحانات میں تاخیر کی وجہ سے یونیورسٹیوں میں داخلوں میں بھی تاخیر کر دی گئی ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا یونیورسٹیوں کو تجویز دی تھی کہ ہاسٹلز خالی کرالئے جائیں، یونیورسٹیوں کے ہاسٹل خالی ہوگئے ہیں، ہاسٹل خالی کرنے کی شرط غیر ملکی طلبا پر لاگو نہیں ہوتی، غیر ملکی طلبا کو ہاسٹلز میں محدود کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی وی سے بات کر کے 2، 3 چینل حاصل کئے جائیں گے، ٹی وی کے ذریعے بچوں کو لیکچرز دیئے جائیں گے، ٹی وی پر لیکچرز دینے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کسی تعلیمی ادارے میں اساتذہ کو آنے کی ضرورت نہیں ہے، طلبا کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، حکومت کی اولین ترجیح بچوں کو وائرس سے بچانا ہے، تعلیمی اداروں کی 5 اپریل تک بندش کے فیصلے پر عمل ہوا، صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے، 27 مارچ کو صوبائی وزرائے تعلیم سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا لوک ورثہ میں تمام کلچلر پروگرام منسوخ کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور شہر میں سینی ٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے پر 18 مقدمات جبکہ 8 مقدمات دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کئے گئے، سب سے زیادہ خلاف ورزیاں صدر کینٹ میں ہوئیں، کینٹ ڈویژن میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 4 مقدمات درج کر کے 19افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مقدمات تھانہ جنوبی چھاؤنی، ہربنس پورہ، مناواں اور مصطفی آباد میں درج کئے گئے، ایس پی کینٹ کے مطابق کورونا وائرس کے تناظر میں دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔