اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے ماہرین کی ہدایت پر خود کو آئیسولیشن میں رکھ لیا۔ انہوں نے کہا چین سے آنے پر صدر عارف علوی اور اسد عمر کا بھی ٹیسٹ ہوا، تمام ادروں اور جماعتوں کو مل کر اس وبا سے لڑنا ہے، تنقید سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کورونا کا ٹیسٹ کراؤں گا، ماہرین نے پانچ دن بعد کورونا ٹیسٹ کا مشورہ دیا ہے، کرونا سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے، چین میں ایک کرسی سے دوسری کرسی کا فاصلہ تقریباً ایک میٹر کا تھا۔ انہوں نے کہا چینی قوم نے یکجا ہو کر کرونا وائرس کا مقابلہ کیا، ہمیں چین کے تجربات سے سیکھنا ہے، ووہان میں گزشتہ روز صرف ایک کیس رپورٹ ہوا، چین نت جس طرح سے کرونا کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا سی پیک کے ساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے، چین جانے کا مقصد اظہار یکجہتی کرنا تھا، چینی صدر کہتے ہیں پاکستان کا احسان نہیں بھولیں گے، ایک دوسرے پر تنقید کرنا ہمارا مقصد نہیں، حکومت یا ادارے تنہا کچھ نہیں کرسکتے، صدر عارف علوی مجھ سے زیادہ تمام چیزوں سے متعلق آشنا ہیں۔