اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کرونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی، یہ قومی مسئلہ ہے، ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کیلئے اٹھائے گئے، عمران خان کے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی فارن میں بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں، (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پہ وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپوزیشن کرونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔