اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں کرونا پی آئی اے اور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آیا، سیکیورٹی کا یہی حال رہا تو بہت سی بیماریاں ملک میں آجائیں گی۔
سپریم کورٹ میں سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کی تعیناتی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے کرونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار حکومتی اداروں کو قرار دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کرونا وائرس پاکستان میں ایئر پورٹس اور بارڈرز کے راستے آیا، کرونا وائرس پاکستان میں پیدا نہیں ہوا،چ ملک میں کرونا وائرس آتا رہا، کسی کو فرق نہیں پڑا، قرنطینہ میں جا کر دیکھیں کتنے ابتر حالات ہیں، کیا ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے ؟۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے واضح کیا کہ عدالتیں کسی صورت بند نہیں کرسکتے، حکومت نے خود کچھ کیا نہیں، ہمیں کہہ دیا عدالتیں بند کر دو، ہم صرف عدالتوں میں احتیاطی تدابیر ہی کر سکتے ہیں، ہم تو عدالتی کام کے لئے یہاں موجود ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز وزارت قانون کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا جس میں نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں سے آگاہ کیا گیا، رجسٹرار کو حکومتی خط چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے رکھنے کا کہا گیا۔
خط میں چیف جسٹس کو درخواست کی گئی کہ تمام عدالتوں کو تین ہفتوں تک سول نوعیت کے مقدمات نہ سننے کی ہدایت کی جائے، ضمانت اور ریمانڈ کے کیسز میں جوڈیشل مجسٹریٹس اور سیشن عدالتوں کے ججز جیلوں کے دورے کریں، تین ہفتوں بعد حکومت اس درخواست کا دوبارہ جائزہ لے گی۔