وزیر اعظم نے معاشی مسائل کا تذکرہ کیا اقدامات کا نہیں

Last Updated On 18 March,2020 08:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) میزبان 'دنیا کامران خان کے ساتھ' کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے قوم سے خطاب میں بنیادی طور پر یہ پیغام دیا ہے، گھبرائیں نہیں، صورتحال قابو میں ہے، وہ اور ان کی حکومت سمجھ رہے ہیں کہ اس سلسلے میں ملک میں افراتفری کی کیفیت ہے مگر ان کا پیغام یہ تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے 100 فیصد افراد میں سے 97 فیصد ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

میزبان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں عالمی شواہد موجود ہیں اور عمران خان کا یہ کہنا بالکل صحیح ہے کہ بہت زیادہ گھبرانے کی بات نہیں ہے ان کا پیغام یہ بھی تھا کہ یہ وائرس بڑی تیزی سے پھیلتا ہے اس لئے جن لوگوں کو یہ وائرس ہو جائے انہیں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان کے خطاب میں ان کاروباری اور معاشی مسائل کو شناخت تو کیا گیا لیکن اس سلسلے میں وزیر اعظم کی تقریر میں حکومتی اقدامات کا ذکر نہیں، یعنی ایک کیفیت کا ذکر تھا مگر ان کی حکومت اس کے علاج کے لئے کیا کر رہی ہے اس کا تذکرہ نہیں تھا، وزیر اعظم نے جو چند باتیں بیان کیں، ان میں وہ خاص اقدامات نہیں تھے جس کی قوم، کاروباری افراد اور سرمایہ کار متمنی تھے۔ وزیر اعظم کا یہ خطاب اس وقت آیا جب پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 237 ہو چکی ہے اور ملک میں عملاً لاک ڈاؤن کی کیفیت ہے۔ وزیر اعظم نے قوم کو اس بارے میں بالکل درست خبردار کیا ہے۔