لاہور: ( اخلاق باجوہ سے) پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں کی میٹنگز کورونا وائرس کے خدشات کے باعث منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 40 میں سے 22 قائمہ کمیٹیاں بن سکیں جن میں سے 20 کے چیئر مین بن سکے۔ ان کمیٹیوں کا اپوزیشن نے بائیکاٹ کر رکھا ہے لیکن پی اے سی ٹو استحقاق کمیٹی اور سپیشل کمیٹیوں کی گاہے بگاہے اپوزیشن کی عدم شرکت کے باوجود میٹنگز چل رہی تھیں لیکن اب وہ بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی اے سی ٹو کا ہونیوالا اجلاس بھی منسوخ کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کی پی اے سی ٹو کا اجلاس 18 مارچ کو تجویز کیا گیا تھا جبکہ پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کا بھی تجویز کردہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ اب ان کمیٹیوں کے اجلاس بلانے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پہلے کورونا وائرس کے خطرے کے باعث پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا گیا اور پھر پارلیمانی کمیٹیوں کی شیڈول میٹنگز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھی سناٹا چھا گیا ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کی سرگرمیاں بھی محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ ارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔