لاہور: (دنیا نیوز) چین سے پھیلنے والی بیماری کرونا وائرس کو اللہ کے نام سے شکست دینے کا عزم لیے اللہ کی پناہ حاصل کرنے شہری چھتوں پر چڑھ گئے، کراچی لاہور پشاور سمیت ملک بھر میں اذان دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اللہ اکبر اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں مساجد سے رات دس بجے اذانیں دی گئیں، شہری اپنے گھروں کی چھتوں اور بالکونیوں سے ہم آواز ہوئے۔
کراچی کے علاقے کورنگی، ملیر، قائد آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر ایف بی ایریا، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، خدا داد، محمود آباد، صدر، کھادار، پی آئی بی اور جمشید روڈ پر بھی اذانیں دی گئیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں مساجد اور گھروں میں اذان دی گئی، لاہور کی مختلف مساجد میں یہ اعلان ہوا کہ اپنے گھر کی چھتوں پر چڑھ کر اذان دی جائے تاکہ کرونا جیسی مہلک بیماری سے نجات حاصل ہو سکے۔
دوسری طرف پشاور، جھنگ، سانگلہ ہل، ظفر وال، بورے والا، گگو منڈی، حیدر آباد، شکار پور، نوشہرو فیروز پور، دینہ، جہلم، وزیر آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی اذانیں دی گئیں۔