وزیراعظم ‘’کورونا ٹائیگر فورس’’ میں کتنی عمر کے افراد ممبر بن سکتے ہیں؟

Last Updated On 01 April,2020 07:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کے بعد وبا کی صورتحال میں لوگوں کو مدد کیلئے ‘’کورونا ریلیف ٹائیگر فورس’’ کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز آج کر دیا گیا ہے۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر رجسٹریشن کا 10 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس فورس میں 18 سال سے زائد عمر افراد شامل ہو سکیں گے۔ اس فورس کے قیام کا مقصد ہنگامی حالات میں ضرورت مندوں کو خوراک، کھانا اور راشن سپلائی کرنا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کرنا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شامل نوجوان قرنطینہ میں موجود افراد کی پہرے داری کا فرض بھی سنبھالیں گے۔ اس فورس میں صرف پی ٹی آئی سے وابستہ نوجوانوں کے شامل ہونے کی پابندی نہیں رکھی گئی ہے۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار تمام نوجوان اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ فارم میں نوجوان اپنا نام، پتا، عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل اور ضلع کی تفصیلات درج کرکے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شامل ہونگے۔ یہ فورس ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان کورونا جیسی آفت سے نمٹنے کی کوششوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں اور ہماری کرونا ٹائیگر فورس جسے اس وبا سے جنم لینے والے مصائب کیخلاف جہاد کیلئے منظم کیا جائے گا، کا حصہ بنتے ہوئے بیماری کیخلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔
 

Advertisement