لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون اور مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد کی ملاقات، چینی ڈاکٹروں اور ماہرین کی جانب سے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومتی اقدامات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علاج معالجہ کے ایس او پیز کوموثر قرار دیا- ماہرین نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومت کے اقدامات موثر ثابت ہو رہے ہیں، پنجاب کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوری اور تیز رفتاری سے صحیح سمت میں اقدامات کئے ہیں، عوام کے تحفظ کے لئے یہ اقدامات قابل تحسین ہیں۔ چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اپنے مشاہدات بیان کئے۔ چینی ڈاکٹروں نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی شیئر کئے۔ چینی ڈاکٹروں کی جانب سے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے حکومت پنجاب کو ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے چینی ڈاکٹروں سے مختلف امور پر سوالات کئے اور تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا ہے۔ چین نے کورونا وائرس پر کم ازکم وقت میں قابو پا کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے- کورونا کی وباء پر قابو پانے کے لئے چین کا ماڈل دنیا کے لئے ایک نئی مثال ہے۔
چینی طبی ماہرین نے مشور دیا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ جلد ازجلد اور کم ازکم جگہ پر روکا جائے- کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے ہسپتال یا قرنطینہ مرکز میں آنا چاہیے- اس دوران سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے صوبہ بھر میں مریضوں کے اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔