اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر اور برطانوی ہم منصب سے رابطہ کرکے کورونا وائرس کی عالمی وبا کیخلاف مل کر لڑنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے صدر طیب اردوان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے کورونا وائرس سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے ترک عوام کیساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کے عزم کو دہرایا۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کی وبا کیخلاف مل کر لڑنے کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کو خط لکھا ہے جس میں ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خط میں کورونا وائرس کے چیلجنز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔