اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج شام طلب کرلیا۔ صوبائی وزراء اعلی، عسکری اور سول اداروں کے اعلی حکام شریک ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چئیر مین این ڈی ایم اے، ظفر مرزا اور فردوس عاشق اعوان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ کوآپریشن اینڈ کنٹرول سینٹر کی تجاویز سے متعلق بریفنگ ہوگی، کمانڈ سینٹر کی جانب سے کورونا کی موجودہ صورتحال کے اعدادو شمار سے آگاہ کیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، ریلیف پیکجز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں کورونا ٹائیگرز فورس کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ تعمیراتی انڈسٹری کھولنے سے متعلق عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔