پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کے لئے 6 لیبارٹریاں مکمل

Last Updated On 09 April,2020 09:10 am

لاہور: (سید سجاد کاظمی سے ) پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کیلئے 6 لیبارٹریاں مکمل ہوگئیں جبکہ 8 تکمیل کے مراحل میں ہیں، 14 لیبز مکمل ہونے پر پنجاب میں کورونا کے 5190 ٹیسٹ روزانہ ممکن ہوسکیں گے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت کورونا کے 3100 ٹیسٹ کرنیوالی 6 لیبارٹریوں میں پنجاب ریفرنس لیب 2 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر نشتر ہسپتال ملتان میں 100، پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی لاہور میں 100، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اتھارٹی (پی کے ایل آئی) 800 (جو کہ تاحال شروع نہیں ہوسکے )، جناح ہسپتال لاہور میں 100 اور جنرل ہسپتال میں 300 کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق تکمیل کے مراحل میں موجود 8 لیبز میں سے لاہور ٹی بی پروگرام کی ون برڈ روڈ پر موجود لیب جس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جس میں 190 سے 380 ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اسی طرح ملتان ٹی بی پروگرام کی لیب بارے رپورٹ ہے کہ وہ 80 فیصد مکمل ہوچکی ہے جس میں 190 ٹیسٹ ہوسکیں گے۔ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کی لیب میں 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور ٹیسٹ کی صلاحیت 190 سے 380 بتائی جا رہی ہے۔

فیصل آباد الائیڈ ہسپتال کی لیب میں 70 فیصد کام مکمل ہوچکا اور 190 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔ وزیر آباد ٹراما سنٹر ٹی ایچ کیو میں 60 فیصد کام مکمل اور 190 ٹیسٹ ہوسکیں گے، بہاولپور سول ہسپتال کا کام 60 فیصد مکمل اور 190 ٹیسٹ ہوسکیں گے، ڈی جی خان ڈی ایچ کیو میں کام صرف 15 فیصد ہوا ہے جبکہ لیب میں 190 سے 380 ٹیسٹ ہوسکیں گے۔ راولپنڈی بی بی ایچ بھی صرف 15 فیصد مکمل ہوئی ہے جو 190 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اسی طرح فعال ہونے والی لیبز 3100 جبکہ تکمیل کے مراحل میں 8 لیبز 150 سے 2090 ٹیسٹ کرسکیں گی۔ ذرائع کا کہنا تھا تکمیل کیلئے ماہ اپریل کا ٹارگٹ تھا تاہم یہ لیبارٹریاں مئی 2020 کے آخر تک بمشکل مکمل ہوں گی۔

 

Advertisement