لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کے 4187 کنفرم مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک 58 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہوئے، 25 کی حالت تشویشناک جبکہ 467 مکمل صحتیاب ہوئے۔
اب تک ملک بھر میں 42159 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3076 ٹیسٹ کیے گئے، 4 اموات ہوئیں جبکہ 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد 83، صوبہ پنجاب 2132، صوبہ سندھ 932، خیبر پختونخوا 500، بلوچستان 210، آزاد کشمیر 28 جبکہ گلگت بلتستان میں 211 کورونا وائرس کے کنفرم مریض ہیں۔
پاکستانی اور چینی افواج کی کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس
سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی اور چینی افواج نے کورونا وائرس وبا کے اثرات پر قابو پانے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کی ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستانی اور چینی افواج نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے اثرات پر قابو پانے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے پر ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا۔
چین کی وزارت دفاع کے مطابق دونوں افواج کے صحت کے بیس حکام اور ماہرین نے راولپنڈی، بیجنگ اور ووہان سٹی سے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔
ویڈیو کانفرنس کے دوران چینی حکام نے مجموعی صورتحال، عالمی وبا کی روک تھام کے لئے چینی فوج کے تجربے، کورونا وائرس کا سراغ لگانے کے لئے ٹیکنالوجی کے طریقہ کار، تشخیص اور علاج معالجے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
فریقین نے کمانڈ رابطے، وبا کی روک تھام، نگرانی، نشاندہی، علاج اور دیگر متعلقہ امور کے ضروری تبادلے پر بھی زور دیا۔
پاکستانی حکام نے چینی فوج کے ڈاکٹروں کی طرف سے وبا کی روک تھام اور علاج معالجے کے تجربات سے آگاہ کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹرز ودیگر کیلئے حفاظتی ماسک اور آلات کے حوالے سے تفصیلی گائیڈ لائنز تیار
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور قومی ادارہ صحت کے تعاون سے حفاظتی ماسک اور آلات کے حوالے سے تفصیلی گائیڈ لائنز تیار کر لی گئی ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور قومی ادارہ صحت کے تعاون سے تیار تفصیلی گائیڈ لائنز کو ملک کے ہر کونے میں موجود ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، ہیلتھ ورکرز اور وہ تمام لوگ جو کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ان تک باہم پہنچایا جا رہا ہے۔
اس میں ان تمام ایریاز کو بھی کور کیا گیا جہاں کورونا وائرس کے مریض ہو سکتے ہیں جس میں ان مریضوں کی سہولیات ان پیشنٹ پروٹیکشن، آؤٹ پیشنٹ چیلنجز، لیب کمیونٹی سیمپلنگ، ایریاز آئسولیشن وارڈ ایریاز اور ان ایریاز جہاں کورونا کے مریض ہو سکتے ہیں ان کیلئے گائیڈ لائینز تیار کر دی ہیں تاکہ تمام ہیلتھ پروفیشنلز، ہیلتھ ورکرز اور پیرا میڈیکس کو اچھی طرح آگاہی ہو۔
گائیڈ لائینز میں بتایا گیا ہے کہ کونسی چیز کب اور کس وقت استعمال کرنی ہے اور ان حفاظتی ماسک اور آلات کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔ اسے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریز میں چارٹ کی صورت میں آویزاں کیا جا رہا ہے۔
حفاظتی ماسک اور آلات میں چھ بنیادی چیزیں شامل ہیں جن میں میڈیکل ماسک، این 95 ماسک، باڈی گاؤنز، آنکھوں کے حفاظتی آلات، گم بوٹ اور شو کور شامل ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کورونا وائرس کے خلاف مستقبل کے لائحہ عمل پر غور
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں کورونا وائرس کے خلاف مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متاثرہ علاقوں کی ڈیجٹیل طریقے سے نشاندہی، متاثرہ علاقوں کو الگ کرنے، متاثرہ علاقوں میں وائرس کی روک تھام کی کوششوں، خوراک کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ ادائیگیوں کی استعداد یومیہ چھ ہزار سے بڑھا کر بیس ہزار کرنے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں امدادی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت اور مستحق خاندانوں میں احساس پروگرام کےذریعے 150 ارب روپے کی تقسیم سے متعلق بھی غور کیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا لاہور میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں لاہور میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا جہاں انھیں پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
تفصیل کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آج لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صدر کو صوبے میں کوروناوائرس کی روک تھام کےلئے پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بعد میں صدر ڈاک ٹر عارف علوی نے لاہور میں کورونا کرائسیس مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھیں کو محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام جدید کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کے کام اور کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ یہ سیل چوبیس گھنٹے کورونا سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی اور اس وبا سے نمٹنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ یہ خصوصی سیل صوبے کے تمام اضلاع میں اس وبا کے پھیلاؤ کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے عوام کےلئے تمام محکمہ جاتی ہیلپ لائنز کی تشہیر کرنے اور کورونا وائرس کی وبا سے متعلق تمام اعدادو شمار سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
کورونا وائرس کا سدباب، چودھری پرویز الہیٰ نے آل پارٹیز خصوصی کمیٹی اجلاس طلب کر لیا
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے آل پارٹیز خصوصی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
آل پارٹیز خصوصی کمیٹی کا اجلاس 10 اپریل کو ویڈیو لنک پر طلب کیا گیا ہے۔ خصوصی پارلیمانی اجلاس کی صدارت سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کریں گے۔
اجلاس میں تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور آزاد جماعتوں کے نامزد ارکان شرکت کریں گے۔ 11 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کورونا کے اثرات کو کم از کم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گی۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کورونا کی روک تھام اور حکومتی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ چودھری پرویز الہیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کی معاشی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ الزام تراشی اور نمبر گیم کی بجائے سیاسی جماعتیں کورونا کے خلاف اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
چینی کمپنیوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 50 لاکھ روپے عطیہ جمع کرادیا
وزیراعظم عمران خان سے چین کی دو کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے این ڈی ایم اے کو 30 لاکھ روپے کا حفاظتی سامان بھی عطیہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چین کی دو کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل افضل بھی شریک تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ چینی انجیئرنگ کمپنی کے سربراہ نے ٹیکنالوجی کی مدد سے کپاس کی پیداوار سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
چینی کمپنی کی جانب سے وزیراعظم کو کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چینی توانائی کمپنی کے صدر نے قابل تجدید توانائی منصوبوں اور پاکستان میں شمسی توانائی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچپسی پر چینی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔
کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے پر لاہور ریلوے ورکشاپس 12 اپریل تک بند
لاہور ریلوے ورکشاپس میں کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے پر اسے 12 اپریل تک بند کر دیا گیا ہے تاہم اولڈ ڈیزل انجن شیڈ میں فریٹ انجن کی دیکھ بھال کرنے والا سٹاف موجود رہے گا۔
ریلوے افسران کی جانب سے تمام ورکس مینجرز اور سپروائزرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ورکشاپس کو بند کرنے کا اعلان شیخ رشید احمد کی جانب سے کیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور کی جانب سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ورکشاپس اور ڈی ایس لاہور کو ورکشاپس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ریلوے ورکشاپس میں دو روز کے دوران تین ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق ریلوے مغلپورہ ورکشاپس میں 10 ہزار سے زائد ملازم کام کرتے ہیں۔ ریلوے کیرج اینڈ ویگن شاپ میں 2800، لوکو شاپ میں 1800، ریلوے سٹیل شاپ میں 800، پاور ہاؤس میں 550 اور ریلوے سگنل شاپ میں 500 ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔ دنیا نیوز نے بارہا ریلوے ورکشاپس میں حفاظتی انتظامات کے فقدان کی نشاندہی کی تھی۔
میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا شکار 32 سالہ مریضہ دم توڑ گئی
میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا شکار 32 سالہ مریضہ دم توڑ گئی ہے۔ مریضہ پہلے ہی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھی۔
مریضہ کو تین اپریل کو میو ہسپتال لایا گیا تھا۔ مریضہ کی جانب سے تحریری طور پر کہا گیا تھا کہ وہ گردوں کے ڈائیلسز نہیں کروانا چاہتی۔
سی ای او میو ہسپتال اسد اسلم کا کہنا ہے کہ مریضہ نے گردوں کا ڈائیلسز کروانے سے انکار کیا جو موت کا سبب بنی۔ حالیہ ہلاکت کے بعد میو ہسپتال میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا جمعرات سے آغاز ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا جمعرات سے آغاز ہوگا۔ ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو فی کس بارہ ہزار روپے ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری بھی چودہ اپریل سے اوپن ہوگی۔ دیہات میں زرعی شعبے کے لیے بھی کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ ٹائیگرز فورس گھر گھر پہنچے گی۔
وزیراعظم عمران خان کا ان خیالات کا اظہار پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعرات سے احساس پروگرام شروع ہو رہا ہے۔ اب تک ساڑھے 3 کروڑ افراد نے ریلیف فنڈ کیلئےایس ایم ایس کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا اور کہا کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، صرف مستحقین کو پیسے ملیں گے۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو کل سے 12 ہزار ملنا شروع ہوں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے ملک بھر میں 17 ہزار پوائنٹس بنیں گے جہاں سے انھیں فنڈ ملنا شروع ہوگا۔ دو سے ڈھائی ہفتے کے اندر تمام مستحقین کو امداد پہنچ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکج دیا ہے۔ کوشش ہے کہ ایمانداری سے مستحقین تک پیسہ پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غریب طبقےکو ریلیف دینا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ ٹائیگر فورس گلی اور محلوں میں غریبوں تک پہنچیں گے اور ہمیں مسلسل فیڈ بیک دے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مغربی ممالک جیسے وسائل نہیں لیکن اس کے باجود ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ انھیں حفاظتی سامان پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ تمام صوبے احساس پروگرام کا حصہ ہیں۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں رقم تقسیم کی جائے گی۔ فی خاندان کو 12 ہزار دیئے جائیں گے۔
معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ احساس پروگرام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو سکے گی۔ حق داروں کی نشاندہی کیلئے 8171 سے تصدیق کی جا سکتی ہے۔ ایک گھر میں سے ایک شخص رجسٹرڈ ہوگا۔ حساس پروگرام شفافیت پر مبنی ہے۔