لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہوا، اگلے 22 دن بہت خطرناک اور حساس ہیں، وزیراعظم بار بار کہہ رہے ہیں احتیاط واحد حل ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، کورونا سے پوری دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، کورونا وائرس کے خلاف ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام ضرورت کے تحت گھروں سے نکلیں، کوشش کی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں، ریلیف فنڈز وزیراعظم کا ذاتی نہیں ہے، تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، شہباز شریف کے فنڈ میں کسی نے ایک ٹکا نہیں دیا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کورونا سے متاثر صحافی کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے، کورونا سے جاں بحق صحافی کو 10 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے، صحافیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، خدانخواستہ کوئی صحافی جاں بحق ہوا تو بیوہ کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیں گے، اخبار فروش یونین کو کل سے حفاظتی سامان دیں گے، 10 صحافیوں کو ایکسیلینس ایوارڈ دیں گے۔