اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا، صوبوں نے سفارشات تیار کر لیں، پنجاب مزید دس دن کے لئے لاک ڈاون کی تجویز پیش کرے گا، سندھ لاک ڈاون میں مزید سختی کا خواہمشمند ہے۔
نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوگا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس میں وفاقی وزراء، اعلی عسکری حکام، معاونین اور چئیرمین این ڈی ایم اے شریک ہوں گے، وزیراعلی گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
پنجاب لاک ڈاون کے حوالے سے تین آپشنز قومی رابط کمیٹی میں پیش کرے گا، پنجاب مزید 10 دن کے لئے لاک ڈاون کے اقدامات کو جاری رکھنے کی تجویز دے گا، پنجاب کچھ کاروباری اداروں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ مخصوص اوقات میں کام کی اجازت کی تجویز پیش کرے گا، پنجاب کورونا کے متاثرہ علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن کی پالیسی جاری رکھنے کی تجویز دے گا۔ ذرائع کے مطابق سندھ لاک ڈاون میں مزید سختی کا خواہشمند ہے۔ بلوچستان اور کے پی کے نے بھی سفارشات تیار کر لی ہیں، نیشنل کوارڈنیشن کمیٹی اتفاق رائے سے صورتحال کے تناظر میں آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا شرکاء کو کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے، چئیرمین این ڈی ایم شرکاء کو حفاظتی اقدامات اور سامان کی ترسیل پر بریفنگ دیں گے، وزرائےاعلی صوبوں کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ لاک ڈاوں میں نرمی یا سختی کرنے کے حوالے سے مشاورت سے فیصلے ہوں گے، غریبوں کے ریلیف کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔