اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی رہائشگاہ بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات میں مشیر خزانہ نے انھیں تاجروں کے لئے حکومت کے اقتصادی پیکج سے متعلق بتایا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی بنی گالہ سیکرٹریٹ میں وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور ملکی معیشت کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر خزانہ نے وزیراعظم کو موجودہ صورتحال میں معاشی اعدادو شمار اور مختلف پیکجز پر بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو حکومت کی جانب سے کاروباری کمیونٹی،ایس ایم ایز اور عوام کو دی جانے والی مراعات اور ریلیف پیکجز سے متعلق عمل درآمد پر بھی بتایا گیا جبکہ احساس کیشن ٹرانسفر پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مشیر خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کو تاجروں کے لئے حکومت کے اقتصادی پیکج سے متعلق بھی بتایا۔ پیکج میں موجودہ قرضوں کی موخر ادائیگی اور آسان شرائط پر نئے قرضوں کی فراہمی شامل ہے۔