وزیراعلیٰ سندھ کا صوبے میں 10ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 17 April,2020 04:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں 10 ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا، انہوں نے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور چھوٹے شہروں میں اسپرے کرانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں محکمہ ہیلتھ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، وزیراعلیٰ سندھ نے ماہرین کے مشورے پر تمام اجلاسوں میں ماسک پہننے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے اجلاس میں خود بھی ماسک پہنا اور شرکت کرنیوالوں کو بھی پہنایا۔

اجلاس کے دوران سندھ بھر میں 10ہزار بیڈ پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز بنانے اور ٹنڈوالہٰ یار ہسپتال کی عمارت میں فیلڈ آئسولیشن ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہمیں تیاری مکمل کرنی ہو گی، 1200 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کراچی ایکسپوسینٹر میں قائم ہے تاہم کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اس لئے صوبے میں اقدامات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام ضلعی ہیڈکواٹرز اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز اور چھوٹے شہروں میں اسپرے کرانے کی ہدایت بھی کی۔